امریکہ دنیا کا سب سے بڑا منافق ، فلسطین کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ ہے،حماس


 غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا منافق اور فلسطین کی آزادی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، امریکہ نے ہردفعہ آزاد فلسطین ریاست اور فلسطینی قوم کے حقوق کے لئے عالمی فورمز پرہونے والی مساعی کو سبوتاژ کیا۔

حماس نے ایک بیان میں کہا کہ ایک بار پھر امریکہ بین الاقوامی عزم کے سامنے کھڑا ہے اور فلسطین کی آزادی کے لئے ایک قرارداد کو ویٹو کرکے اے اپنی منافقت کا ثبوت پیش کررہا ہے،12 ممالک کی حمایت کے باوجود اقوام متحدہ میں فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کی قرارداد منظور نہیں کرسکی۔حماس نے کہا کہ واشنگٹن اپنے ویٹو فیصلے کے ساتھ ہمارے فلسطینی عوام اور ان کے حق خودارادیت اور ان کی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف کھڑا ہے اور غاصب اور ناجائز ریاست کی پشت پناہی کرکے غاصب اور فاشسٹ ریاست کے ہاتھوں فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کو نظرانداز اور غزہ میں نسل کشی کی حمایت کررہا ہے،حماس نے قابض ریاست کے حوالے سے متعصب امریکی موقف کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی مرضی سے بالاتر ہو کر ہمارے فلسطینی عوام کی جدوجہد اور ان کے جائز حق خودارادیت کی حمایت کے لئے دباؤ ڈالے۔