امریکا کو فوجی اڈے دینے کی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد (صباح نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستان کی جانب سے فوجی  اڈے دینے کی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ، پاکستان اپنی سرزمین یا فضائی حدود کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے رابطے جاری رکھیں  گے ، بھارتی ماورائے عدالت قتل نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل چکا ہے ، دنیا بھارت کو اس کے اقدامات پر کٹہرے میں لائے ۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرابلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ امریکا کو پاکستان کی جانب سے اڈے دینے کے قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ، پاکستان کا کسی بھی ملک یا حکومت کو اڈے دینے کا ارادہ نہیں، پاکستان اپنی سرزمین یا فضائی حدود کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کے امریکہ اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے ساتھ قومی مفاد میں اپنے تعلقات کو بڑھائیں گے، پاکستان، چین اور ایران سہ فریقی مذاکرات اہم ہیں، ابھی تک ان مذاکرات کی تاریخ طے نہیں ہوئی ، پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز ہیں، ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے رابطے جاری رکھیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارتی نیٹ ورک کئی دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں متحرک تھا، بھارتی ماورائے عدالت قتل نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، پاکستان نے بھارتی ایجنٹس کے حملوں کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے، بھارتی عمل غیرقانونی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، دنیا بھارت کو اس کے اقدامات پر کٹہرے میں لائے، فروری 2019 میں تاریخ نے خود کو دہرایا، بھارتی قیادت سیاسی مقاصد کیلئے بیان دیتی ہے، بھارتی وزیر اعظم کے حالیہ بیان پر تبصرہ نہیں کروں گی۔انہوںنے کہا کہ  پاکستان کی افواج اور عوام ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں افغانستان ملوث رہا ہے، اس حوالے سے افغانستان کو ثبوت فراہم کئے گئے ہیں ، افغانستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے کارروائی کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حال ہی میں امریکی وفد نے رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کیا، پاکستان اور امریکی وفد نے تعلیم، ماحولیاتی تبدیلی سمیت دہشتگردی کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا ، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہے، پاکستان اس تعلق کو انتہائی اہمیت کی حامل سمجھتا ہے، دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسداد دہشت گردی میں قریبی تعاون ہے۔ ۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق  ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لئے گیمبیا میں ہیں ، اسحاق ڈار کئی اہم رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار او ائی سی کے 15ویں اجلاس میں شرکت کرینگے، او آئی سی اجلاس میں وزیر خارجہ پاکستان کی نمائندگی کرینگے،اجلاس میں پاکستان کی جانب سے غزہ میں ہونے والی نشل کشی کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے گی۔اس کے علاوہ اجلاس میں غزہ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔