ڈی آئی خان ، ٹانک ،سکیورٹی فورسز اور پولیس وین پر حملے ،جوابی کارروائی میں 3دہشتگرد ہلاک


ڈی آئی خان ، ٹانک(صباح نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں سکیورٹی فورسز اور پولیس وین پر حملوں میں جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ڈی آئی خان میں موٹرسائیکل سوار 3 دہشت گردوں نے روکنے کے اشارے پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ ناکہ بندی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس پر فورسز کی جوابی فائرنگ سے تینوں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ ناکہ بندی دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی ۔ ناکہ بندی اسی مقام پر قائم کی گئی تھی جہاں سے چند روز قبل ایڈیشنل سیشن جج شاکر اللہ مروت کو اغوا کیا گیا تھا ۔پولیس کے مطابق مرنے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 9 دستی بم کلاشنکوف میگزین مختلف موبائل فونز اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب ٹانک میں پولیس وین پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے ڈی ایس پی سید مرجان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ نامعلوم افراد نے پولیس وین پر حملہ پنگ کے علاقہ گلڑا خلہ میں کیا ، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پولیس کی بھاری نفری موقعہ پرپہنچ گئی ۔