بھارت میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ کل ہو گی


 نئی دہلی (صباح نیوز)بھارت میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ کل ہو گی

۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں آج (جمعہ سے عام انتخابات شروع ہو رہے ہیں۔ بھارت کے عام انتخابات 7 مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی 102نشستوں کیلئے پولنگ ہوگی۔

یہ نشستیں 21ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں واقع ہیں۔پولنگ بھارت کے معیاری وقت کے مطابق صبح 7بجے شروع ہوگی اور کسی وقفے کے بغیر شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کو تامل ناڈو میں شدید مشکلات کا سامنا رہا  ۔ 2019 کے انتخابات میں بی جے پی کو تامل ناڈو کی 39 میں سے کوئی نشست نہیں ملی تھی۔ اس بار کچھ ملنے کی امید ہے۔مرکزی وزیرِ ٹرانسپوٹ نیتن گڈکری ناگپور سے انتخاب لڑ رہے ہیں جو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا مرکز ہے۔ آر ایس ایس کی چھتری تلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی، وشوا ہندو پریشد اور دیگر انتہا پسند ہندو جماعتیں پروان چڑھی ہیں۔ نتین گڈکری بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیں اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کا ممکنہ متبادل بھی قرار دیا جاتا ہے۔

اتر پردیش کے شہر مظفر نگر میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کو غیر معمولی مسابقت کا سامنا ہے۔ اس شہر سمیت پورا علاقہ مسلمانوں کی اکثریت کا حامل ہے۔تامل ناڈو میں دراوڑا مینترا کازیگم (دی ایم کے)کی قیادت میں ایک بڑے سیاسی اتحاد کی حکومت ہے۔ اتر پردیش، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، اترا کھنڈ، آسام، منی پور، تری پورہ اور اروناچل پردیش میں بی جے پی کی حکومت ہے۔ بی جے پی مہاراشٹر، بہار، میگھالیہ، ناگالینڈ، سِکم اور پانڈوچیری میں اتحادیوں کے ساتھ حکومت میں ہے۔ انڈمان نکوبار آئی لینڈز، لکش دویپ آئی لینڈ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مرکز کی حکومت ہے۔مغربی بنگال میں آل انڈیا ترنمول کانگریس کی حکومت ہے۔ میزورم میں 6 علاقائی جماعتوں کا اتحاد حکومت کر رہا ہے۔ بھارت میں دوسرے مرحلے کی پولنگ 26 اپریل کو شروع ہوگی۔ لوک سبھا کے انتخابات 7 مراحل میں مکمل ہوں گے۔

پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 543 ہے۔ 8 وزارتیں خطرے میں ہیں۔پہلے مرحلے کی 102 نشستوں کی تفصیل یہ ہے : تامل ناڈو میں تمام 39 نشستیں، راجستھان میں 25 میں 12 نشستیں، اتر پردیش میں 80 میں سے 8 نشستیں، مدھیہ پردیش میں 29 میں سے 6 نشستیں، مہاراشٹر میں 48 میں سے 5 نشستیں، اترا کھنڈ میں تمام 5 نشستیں، آسام میں 14 میں سے 5 نشستیں، بہار میں 40 میں سے 4 نشستیں، مغربی بنگال میں 42 میں سے 3 نشستیں، اروناچل پردیش میں دونوں نشستیں، منی پور میں دونوں نشستیں، میگھالیہ میں دونوں نشستیں، چھتیس گڑھ میں 11 میں سے ایک نشست، میزورم میں واحد نشست، سِکم میں واحد نشست، تری پورہ میں 2 میں سے ایک نشست، مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 میں سے ایک نشست، انڈمان اور نکوبار آئی لینڈز کی واحد نشست، لکشادویپ کی واحد نشست اور پانڈوچیری کی واحد نشست ہے ۔