امارات میں بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 2 سال کی بارش گھنٹوں میں برس گئی


دبئی(صباح نیوز) دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ دبئی میں 2 سال کی بارش چند گھنٹوں میں برس گئی جہاں پانی سے سڑکیں ڈوب گئیں جب ہ دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زایدکے متعدد حصے بند کر نے پڑ گئے، شیخ زاید روڈ پر چند کلو میٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

اس کے علاوہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے پانی جمع ہوگیا جبکہ شدید بارش نے 25منٹ تک دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رکھا جس سے آنے جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ دوسری جانب مارکیٹس، شاپنگ مالز اور میٹرو اسٹیشنز میں بارش کا پانی آ گیا، شارجہ کی کئی سڑکیں نہروں میں بدل گئیں، عجمان اور العین میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی معطل کردیا۔

امارات میں منگل کو بھی تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز اور دفاتر کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کی گئی ہے جب کہ اماراتی شہروں کے درمیان چلنے والی بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔