وزیراعظم کی زیر صدارت غیر قانونی سرگرمیوں کے دائرہ کے خلاف اقدامات کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد بجلی چوری پالیسی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جدید بنیادوں پر تشکیل نو، بجلی چوری کے مکمل خاتمہ کیلئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب اور کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان معاہدوں کی منظوری دی گئی۔

 وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غیر قانونی سرگرمیوں کے دائرے کے خلاف اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی کابینہ کے اراکین، چیف آف آرمی سٹاف، صوبائی وزرا اعلی اور اعلی سطح کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کا ایجنڈہ جرائم پیشہ مافیا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اقدامات تھے۔

اجلاس کے شرکا کو جرائم پیشہ مافیا، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے ان اقدامات کے پاکستان کے عوام کی بہتری، اقتصادی اور فلاحی خوشحالی کے حوالہ سے ان اقدامات کے مثبت اثرات کو سراہا۔ اجلاس کے شرکا نے سمگلروں، ذخیرہ اندوزوں اور مارکیٹ اجارہ داروں کے خلاف کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا جس سے عام شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی اور معاشی بہتری حاصل ہو سکے۔

اجلاس نے انسداد بجلی چوری پالیسی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جدید بنیادوں پر تشکیل نو، بجلی چوری کے مکمل خاتمہ کیلئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب اور کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان معاہدوں کی منظوری دی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے اجلاس کو پاکستان آرمی کی جانب سے ملک کی معاشی بحالی کے حکومتی اقدامات کیلئے بھرپور معاونت کی غیر متزلزل یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے تمام فریقین کو ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں اور جرائم پیشہ مافیا کو مقررہ مدت کے اندر سزائیں یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات بھرپور انداز میں اٹھائیں۔