وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات،

لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے   چین کے قونصل جنرل ژا شیرین (Zhao Shiren) سے ملاقات کی ۔ چینی قونصلیٹ آمد پر چینی قونصلیٹ نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی گفتگوہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی شہریوں کی سیکورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستانی میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چینی بھائیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے دوست ہیں۔