پچھلے 5 سال نواز، شہباز شریف کے کاموں کو الٹا کرنے میں لگائے گئے،مریم نواز


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پچھلے 5 سال نواز، شہباز شریف کے کاموں کو الٹا کرنے میں لگ گئے،ہم پنجاب کو سیاہ دور سے نکال کر ترقی کی طرف لے کر جارہے ہیں، ہم بتارہے ہیں کنٹینرز اور گاڑیوں کو احتجاج کے لیے نہیں علاج کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

لاہور میںکلینکس آن ویل پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ کلینکس آن ویل پراجیکٹ شعبہ صحت کو مکمل طور پر بدل دے گا، عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کلینکس آن ویلز میں تمام بنیادی طبی سہولیات موجود ہیں، ہم 200 کلینکس آن ویلز کو مختلف پوائنٹس پر سٹینڈ کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ 200 میں سے 50 گاڑیوں میں الٹراساؤنڈ کی سہولت موجود ہوگی، کلینکس آن ویل میں ایک ڈاکٹر ہوگا اور ٹیسٹس کی سہولت بھی موجود ہوگی، ابھی فی الحال 500 ایمبولینس اس پر کام پہلے سے کر رہی ہیں، اس میں ہم نے مزید 100 کا اضافہ کردیا ہے ، 100 ایمبولینس جو ہیں یہ حاملہ خواتین کے لیے ہیں، 1034 کی ہیلپ لائن ہے اور یہاں پر جو خواتین رجسٹرڈ ہیں وہ اس سروس سے مستفید ہونے کی اہل ہیں، 40 لاکھ افراد کلینکس آن ویلز پراجیکٹ سے مستفید ہوں گے، کلینکس آن ویل کے اندر زچہ و بچہ کیلئے بھی سہولیات ہوں گی۔

مریم نوازکا کہنا تھا کہ کلینکس آن ویل اس جگہ پارک ہوں گی جہاں ہسپتال کی سہولت دور ہو، کلینکس آن ویل میں سکریننگ اور ویکسی نیشن کی سہولت بھی موجود ہوگی، پراجیکٹ میں ہم 36 اضلاع کے مقامی ڈاکٹرز کو ترجیح دیں گے، یہ منصوبہ طبی شعبہ کو مکمل طور پر تبدیل کردے گا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ یہ منصوبہ شہباز شریف نے شروع کیا تھا، گزشتہ دور حکومت میں اس منصوبے کو بند کر دیا گیا تھا، ہم شہبازشریف اور نواز شریف کے منصوبوں کو دوبارہ سیدھا کر رہے ہیں، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاک کی کمی کو پورا کرنے پر بھی غور کرر ہے ہیں،پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ڈاکٹرز کو تعینات کیا جارہا ہے، ہم صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز پر لے کر جا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے 8 اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی کی سہولت لے کر آ رہے ہیں ، پنجاب کو سیاہ دور سے نکال کر ترقی کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے صحت کے شعبے میں ہمیں ایک اور بڑی کامیابی عطا ء فرمائی اور اس کے لیے میں اپنے وزیر برائے صحت اور ہیلتھ سیکریٹری کو مبارکباد دیتی ہوں، خواجہ عمران نذیر بہت تیز وزیر ہیں ہمارے، انہوں نے بہت اچھی تقریر کی اور کہا کہ 8 ہفتے تو حکومتوں کو سیدھا کرنے میں لگ جاتے ہیں لیکن جو خدمت کو الٹا کردیا گیا تھا آج ہم اس سب کو سیدھا کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میں نواز اور شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، انہوں نے خدمات کے ریکارڈز قائم کیے، مجھے خوشی ہے ہم صحت کی سہولت عوام کی دہلیز پر لے جارہے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلی پنجاب نے کلینکس آن ویل پراجیکٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ودیگر بھی موجود تھے۔