وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض روانہ ہو گئے

لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لئے روانہ ہو گئے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف  عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچیں گے۔وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم کے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔

وزیراعظم عالمی صحت ،فنانشل ٹیکنالوجیز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا موقف  دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ عالمی اقتصادی فورم کے اس خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر   وزیراعظم کی اہم  عالمی رہنماں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔وفاقی کابینہ کے اہم اراکین وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہوں گے۔