وادی تیراہ میں ایک ماہ کے دوران 22 دہشت گرد مارے گئے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (صباح نیوز)سیکورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں 14 دسمبر 2024 سے مختلف آپریشنز میں اب تک 22  دہشت گردوںکو ہلاک اور 18  کو زخمی کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کے متعدد واقعات رونما ہوئے جن میں کئی اموات ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گھناؤنی کارروائیوں کے جواب میں سیکیورٹی فورسز علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف وسیع انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کررہی ہیں، 14 دسمبر 2024 سے جاری مختلف آپریشنز میں فورسز نے 22  دہشت گردوں کو ہلاک اور 18 کو زخمی کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔