آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے لیجنڈ فٹبالر مائیکل اوون کی ملاقات،کھیلوں کے فروغ کے لیے مائیکل اوون کی خدمات کو سراہا


راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان کے دورے پر آئے لیجنڈ فٹبالر مائیکل اوون نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ،آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فٹبال لیجنڈ مائیکل اوون کیساتھ ملاقات کی۔

سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمان کھلاڑی کو پاکستان کا دورہ کرنے اور کھیلوں بالخصوص فٹبال کو فروغ دینے پر ان کا شکریہ اد کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کھیل امن کو فروغ دیتے ہیں اور پاکستان میں فٹ بال کے بنیادی ڈھانچے اور نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے دورہ خوش آئند قدم ہے۔اس سے قبل انگلینڈ کے مشہور فٹ بالر مائیکل اوون بین الاقوامی فٹ بال کوچز کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔

لیجنڈری فٹبالر کی دورہ پاکستان میں اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، 26 جنوری کو مائیکل اوون کراچی میں این ای ڈی فٹ بال گراونڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، لیاری کا دورہ بھی پروگرام میں شامل ہے۔مایہ ناز فٹ بالر 27 جنوری کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، سٹار کھلاڑی 2001 میں ورلڈ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔