اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد خوش آئند ہے، عالمی برادری غزہ سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صیہونی ظلم و جبر مستقل طورپر بند ہونا چاہیے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں خواتین اور بچے شہید ہوچکے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ غزہ میں دانستہ ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پربمباری انتہائی قابلِ مذمت ہے، پاکستان جون1967 سے قبل سرحدوں والی فلسطینی ریاست کی حمایت جاری رکھے گا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے بیان میں غزہ پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد پر فوری عمل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔