لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلی مریم نواز شریف کا پنجاب کو سرسبز بنانے کا انقلابی پروگرام ‘پلانٹ فار پاکستان’ پر عملدرآمد کا آغاز ۔کل عالمی یوم جنگلات سے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم 2024 شروع ہوگی۔ 15 لاکھ سے زاد پودے لگائیں گے، سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے ہدایات جاری کردیں۔
شاہراہوں۔ سرکاری بیان کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نہروں کے کِنارے شجرکاری ہوگی، جنگلات اور اس کے ساتھ رقبوں میں مختلف درخت لگائیں گے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں ہر شہری ہر طالب علم ہر خاتون پودا لگائے اور ‘پلانٹ فار پاکستان’ مہم کا حصہ بنے، پودا لگانا سنت نبویۖ ہے، آپ ایک پودا لگا کر سنت نبوی ۖ زندہ کریں گے، مدارس، مذہبی وسیاسی جماعتوں سے بھی خاص طور پر شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتی ہوں،
مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ سموگ، فضائی آلودگی، ہوا کو زہریلے مادوں سے پاک کرنے اور صحت مند ماحول کے اس جہاد میں ہر شہری ہر پاکستانی ہر گھرانہ اور ہر ضلع ہر ادارہ ایک دوسرے سے بڑھ کر اپنا تعمیری کردار ادا کرے، میڈیا، سول سوسائٹی، ماحولیاتی بہتری، جنگلی حیات کے تحفظ کے ادارے اور تنظیمیں بھی ‘پاکستان کے لئے درخت لگائیں’ مہم کا حصہ بنیں، عوام کی سہولت کے لئے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے نے پورے صوبے میں سٹال لگا دیئے ہیں، سٹالز سے مفت پودے لیں اور شجرکاری کریں، سکول، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا مفت پودے لیں اور انہیں پلانٹ کریں،کل جلو فارسٹ پارک لاہور میں 35 ہزار پودوں کی شجرکاری ہوگی، مہم میں جنگلات، تحفظ ماحول، ہائر ایجوکیشن،
صحت سمیت دیگر محکمے بھی حصہ لے رہے ہیں،محکمہ جنگلات 216 نرسریوں سے پاک آرمی، ہسپتالوں تعلیمی اور دیگر اداروں کو پودے فراہم کر رہا ہے، پہلی بار ‘پلانٹ فار پاکستان’ ایپ جاری، کیو ار کوڈ سے شجرکاری کی جیو ٹیگنگ بھی ہوگی، پودوں کی اہمیت پر آگاہی مہم چلائیں گے، تعلیمی اداروں میں مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ہے،پنجاب میں موسم بہارکے دوران 60 ہزار سایٹس پر 18 ملین پودے بشمول عملتاس،پیپل اورکیکر لگائے جائیں گے۔پنجاب کے تمام اضلاع ،تحاصیل ،یونین کونسل اور کارپوریشنز کی سطح پر جیوٹیگنگ کے ساتھ تمام سرکاری و غیرسرکاری ادارے شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔مختلف لوکل گورنمنٹس، شاپنگ مالز برانڈز،ریسٹورنٹس ،بھٹے ،انڈسٹری ہاسنگ سوساٹیز کو فری پلانٹس فراہم کیے جارہے ہیں۔شجرکاری کے ساتھ ساتھ لگائے گے پودوں کے سرواول و بقا کے حوالے سے بھی چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔