لاہور(صباح نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہریوں کو ان کے گھر تک سروسز فراہم کرنے کے لئے موبائل ایپ اور کال سروس دستک شروع کرنے کی ہدایت کی اورڈسٹرکٹ وانتظامی محکموں کو جلد از جلد دستک سروسز مہیا کرنے کے لئے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت دستک پروگرام کا جائزہ اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ دستک ایپ سروسز کے ذریعے ابتدائی طور پر لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کی10 سروسز میسر ہوں گی۔عوام بتدریج سرکاری محکموں کی 100 سے زائد سروسز آن لائن یا کال کرکے حاصل کرسکے گی۔ پہلے مرحلے میں لاہور کے عوام کو ان کی دہلیز پر 10 سروسز دی جا رہی ہیں جس کے تحت شہری پیدائشی سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، طلاق سرٹیفکیٹ، میرج سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل، ای سٹیمپ، وہیکل رجسٹریشن، وہیکل ٹرانسفر، ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس سروسز اپنے گھر کی دہلیز پر حاصل کر سکیں گے۔
اگلے فیز میں کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویر ی فیکیشن، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ایف آئی آر کی کاپی، ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس، کرایہ دار کی رجسٹریشن بھی گھر کی دہلیز پر ملے گی۔ مخصوص رائیڈر سرکاری محکموں کی سروس شہری کے گھر پر مہیا کرے گا۔وزیر اعلی مریم نواز نے رائیڈر کی فوری رجسٹریشن اور ٹریننگ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
مستقبل میں 100 سے زائد سروسز دستک کے ذریعے فراہم کی جائیں گی،50ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ شہری 1202 پر کال کرکے یا دستک ایپلی کیشن کے ذریعے مطلوبہ سروس حاصل کر سکیں گے۔دستک کا رائیڈر متعلقہ شہری کے گھر پہنچے گا اور اسے مطلوبہ سروس فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت عوام کی سہولت اور گڈ گورننس ہر حال یقینی بنائے گی۔اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیرپرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،ایس ایم بی آر،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ایکسائز، خزانہ،کمشنر لاہور،چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔