ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، وزیردفاع


تیمرگرہ (صباح نیوز)وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کی بدولت مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو پانچ فیصد سے زائد ہوگئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نےآج تیمرگرہ میں کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک اس سے متاثر ہوئے ہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ سکیم، بلاسود قرضے اور نوجوانوں کے پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کی بڑی کامیابیاں ہیں۔صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ تحریک انصاف خصوصا ضلع دیر میں آئندہ انتخابات میں خواتین کی شمولیت یقینی بنائے گی،پرویز خٹک نے کہا کہ پارٹی میں دھڑے بندی پارٹی کو تباہ کرسکتی ہے، جس کسی نے ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کا فیصلہ نہ مانا تو ان کو سبق سکھائیں گے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مارچ میں ہونے ہوالے بلدیاتی انتخابات ہر صورت جیتنا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ نوشہرہ میں ان کا مقابلہ اپنے بھتیجے سے تھا، درمیان میں جمعیت علما اسلام کا مولوی نکل آیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ اگر آئندہ یہ نظام رہا تو کبھی بھی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے، آئندہ انتخابات میں رشتہ داروں کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔پرویز خٹک نے مزید کہا کہ جو امیدوار مقابلہ کرسکتے ہوں ان کو ٹکٹ دیں گے، اس مرتبہ الیکشن ہار گئے تو پارٹی اور عمران خان کو شدید نقصان پہنچے گا۔