لاہور (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم ملکی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور کسی بھی عمل کا فوری ردعمل دیں گے۔ پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو انہی کی زبان میں جواب دیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو واپس جانا ہوگا، غیر ملکی مقیم افراد واپس جائیں، ویزے لے کر واپس آئیں۔
وزیراعظم کی ہدایت پر نیکٹا کو بحال کرنا ہے، اس کی آپریشنل کارکردگی کو بھی بڑھانا ہے۔سینیٹ انتخابات میں نامزدگی کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں سیاسی جماعتوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سینیٹ کے لیے مجھے نامزد کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے لیے کوئی نرمی نہیں، کوشش کریں گے ایف آئی اے میں اصلاحات لائیں، اپنے دونوں عہدوں پر 24گھنٹے کام کر رہا ہوں۔محسن نقوی نے کہا کہ آزادی اظہار پر پابندی نہیں ہے لیکن اس کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ کسی پر غلط الزام لگانے والوں کو فکس ہونا چاہیے۔ دنیا میں ہر جگہ سوشل میڈیا قوانین ہیں، حالیہ دنوں میں امریکا نے بھی ٹک ٹاک پر پابندی لگائی ہے