اپوزیشن کے شور شرابے میں پنجاب اسمبلی کا بجٹ پیش

لاہور (صباح نیوز)پنجاب اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں صوبے کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان نے بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں آئی ٹی سٹی بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے، اس کے علاوہ ایئرایمبولینس سروس اور پنجاب ایجوکیشن پروگرام بھی شروع کریں گے۔مجتبی شجاع الرحمان نے کہاکہ پنجاب گزشتہ حکومت کی وجہ سے بہت پیچھے چلا گیا، اب ترقی کے سفر کا دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، ہم صوبے میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی، غریبوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ ہماری قیادت نے کابینہ اور بیوروکریسی کو خدمت کا نیا ویژن دیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت گھروں کی دہلیز تک رمضان نگہبان پیکیج فراہم کر رہی ہے، اس کے لیے 30 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے لیے زیروٹالرنس پالیسی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت کی زراعت پر بھرپور توجہ ہے، اشیائے خورونوش کی طلب اور رسد میں بہتری لا رہے ہیں۔ عوام کے ساتھ جو وعدے کیے گئے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔

مجتبی شجاع الرحمان نے کہاکہ حکومت پنجاب کا کسانوں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہم کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے۔وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا، غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا، آج اپنی حکومت کا پہلا عوام دوست بجٹ پیش کر رہا ہوں، ہمیں ایسی قیادت میسر آئی جس نے کابینہ اور بیورو کریسی کو خدمت کا نیا ویژن دیا ہے۔مجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ پنجاب کو گڈ گورننس کی مثال بنائیں گے، رمضان نگہبان پیکیج کو گھروں کی دہلیزتک پہنچایا جا رہا ہے،  پرائس کنٹرول کے نظام کو فعال کر دیا ہے، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔وزیرخزانہ پنجاب نے کہا کہ مالی سال 2023-24 کے بجٹ کا مجموعی حجم 4480 ارب 70 کروڑ روپے ہے، کل آمدن کا تحمینہ 3331 ارب 70 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب کو قابل تقسیم محاصل سے 2706 ارب 40 کروڑ روپے حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت اور اشیا خور و نوش کی طلب اور رسد میں بہتری لا رہے ہیں، عوام سے کیے گئے وعدوں پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، پنجاب میں آئی ٹی کے فروغ کے لیے 10 ارب روپے کی لاگت سے آئی ٹی سٹی قائم کی جا رہی ہے، ایئرایمبولینس کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔مجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن پروگرام 2 ارب کی لاگت سے شروع کیا جا رہا ہے، کسانوں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا،وزیرخزانہ مجتبی شجاع الرحمان کی جانب سے بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے نعرہ بازی کی گئی، ارکان نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں۔مجتبی شجاع الرحمان نے بجٹ تقریر کے دوران ڈیسک پر نواز شریف کی تصویر لگا رکھی تھی، اپوزیشن اراکین نے سپیکر ڈائس کا گھیرا وکیا، رانا آفتاب کی قیادت میں اپوزیشن نے بجٹ نامنظور کے نعرے لگائے۔