لاہور (صباح نیوز)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے قومی کرکٹرز کو آئی سی سی ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد دی ہے،
قومی کرکٹرز کپتان بابر اعظم،فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی، وکٹ کیپر محمد رضوان اورخاتون کرکٹر فاطمہ ثناء کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان اور فاطمہ ثناء نے سالانہ کیلنڈر میں اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ایوارڈز جیتے ہیں جو کہ خوش آئند ہے، قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا آئی سی سی کی جانب سے سراہا جانا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے،
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ قومی کھلاڑی مستقبل میں بھی یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے ، قومی کھلاڑیوں کی کامیابیاں نئے کھلاڑیوں کے لئے رول ماڈل ہیں ۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی مینز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر 2021، فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے سر گارفیلڈ سوبر ٹرافی، وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹی 20انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر 2021جبکہ خاتون کرکٹر فاطمہ ثناء نے ایمرجنگ آئی سی سی وومن کرکٹر آف دی ایئر2021کے ایوارڈ زحاصل کئے ہیں