الخدمت کراچی میں 2200یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے : نوید علی بیگ

کراچی(صباح نیوز)چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کراچی میں 2200یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔ان بچوں کی ان کے گھروں پر 5ہزار 500 روپے ماہانہ اور66ہزار روپے سالانہ سے کفالت کی جارہی ہے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے خصوصی بیان میں کہی ۔

انہوں  نے کہا کہ یتیموں کی کفالت سنت رسول ہے اور اس پر جنت کی بشارت دی گئی ہے ۔ الخدمت کفالت یتامی پروگرام میں رجسٹرڈ ان یتیم بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا بھی خیال رکھتی ہے، اس کے لیے سارا سال ان کی اخلاقی ودینی تربیت کے پروگرامات منعقد کیے جاتے ہیں جبکہ پاکستان کے اہم قومی ایام کو بھی بھر پور انداز میں منایا جاتا ہے ،یہی نہیں ان بچوں کو تعلیمی ،مطالعاتی اور تفریحی دوروں پر بھی لے جایا جاتا ہے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت ان بچوں کو ہر سال شہر کے معروف سپر اسٹور میں عید کی شاپنگ بھی کرواتی ہے اور اس کے لیے ہر بچے کو 6ہزار روپے کا واچر فراہم کیا جاتا ہے جس سے بچے اپنی ماں اور سرپرستوں کے ساتھ اپنی پسند سے شاپنگ کر تے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ان بچوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے ۔ الخدمت کا بنیادی مقصد اس با ت کا احساس دلانا ہوتا ہے کہ ہم ان باہمت بچوں کی خوشیوں میں شریک ہیں اور وہ بھی عام بچوں کی طرح عید منا سکتے ہیں ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ اس رمضان میں بھی 2200 یتیم باہمت بچوں کو شاپنگ کروانے کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔انہوں مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی 5ہزار 500 روپے ماہانہ اور66ہزار روپے سالانہ تعاون کرکے الخدمت کے اس اہم پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیںجو دنیا وآخرت میں بڑے اجر وثواب کا باعث ہے ۔