اقتدارانجوائے کرنے والے  حکمرانوں کوفلسطینی بچوں کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں،ڈاکٹرطارق سلیم


اسلام آباد(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ محلاتی سازشوں کے ذریعے اقتدارپرقابض ہونے والے بے حس حکمران وزارتوں کی بندربانٹ اوراقتدارانجوائے کرنے میں لگے ہیں انھیں غزہ میںظلم وبربریت اور فلسطینی خواتین اور معصوم بچوں کی چیخیں سنائی نہیںدے رہیں ،امریکہ اوراسرائیل سے خوفزدہ مسلم لیگ نواز اورپیپلزپارٹی ناجائزریاست کے مظالم کی مذمت تک کرتے ہوئے گھبراتے ہیں ،پاکستانی قوم کے ذریعے جماعت اسلامی غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی امدادی سامان پہچانے کی صورت عملی مددکررہی ہے ،پاکستان سے ایک ہزار ٹن خوراک،ادویات ،بسترودیگرسامان کیا جاچکا ہے ،مظلوم مسلمان بھائیوں اوربہنوں کی امداداوراخلاقی وسیاسی مددجاری رکھیں گے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ عظیم الشان یکجہتی غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،عبد الواسع ،صدرجے آئی یوتھ رسل خان بابر،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ شمالی پنجاب تصورحسین کاظمی، امرائے اضلاع سیدعارف شیرازی،نصراللہ رندھاوا،صوبائی صدرجے آئی یوتھ میاں یاسرعلی گجر،میت دیگرذمہ داران نے بھی اظہارخیال کیا ،مردوخواتین ،بچوں ،بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد اس موقع پر شریک ہوئی اوراسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے غم وغصے کااظہارکیا ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ہماری جدوجہد کا محور آزاد فلسطین کا قیام ہے، ہم ظلم کے مقابلے میں مل کر لڑیں گے، آج اسرائیل کی وجہ سے پورا غزہ ملبے کا ڈھیر اور بچوں کا قبرستان بن گیا ہے، غزہ میں بغیر کفن کے نعشیں پڑی ہوئی ہیں، تمام ظالموں اور وحشی درندوں کو اس دنیا میں سزا ملنی چاہیے، ترکی اور استنبول کے عوام بھی اسرائیلی ظلم کے خلاف کھڑے ہیں، لندن، واشنگٹن اور دنیا کے باضمیر انسان اہل غزہ کی سپورٹ میں کھڑے ہیں، افسوس ہے کہ عوام غزہ کے ساتھ ہیں جبکہ حکمران بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حکمرانوں کو کفن کے بغیر نعشیں نظر نہیں آ رہیں، انھوں نے کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے اور دوریاستی فارمولہ کسی صورت قابل قبول نہیں اسرائیل ناجائزریاست ہے اسے فلسطین پرقبضہ چھوڑنا ہوگا ، فلسطین فلسطینیوں کا ہے وہاں اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے، اگر ساری دنیا بھی اسرائیل کو تسلیم کر لے تو بھی پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔