سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پشاور (صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ میں سنی اتحاد کونسل نے اسمبلی میں مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے لئے درخواست دائر کردی۔دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیاہے ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہم سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے ہیں، اب پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل کا حصہ ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ مخصوص نشستیں الیکشن میں جنرل سیٹوں کی تناسب سے دی جاتی ہیں، الیکشن کے بعد بھی مخصوص نشستوں کی لسٹ دی جاسکتی ہے۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ونگ کی مرکزی صدر کنول شوذب نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستیں ہم سے چھینی گئی ہیں، الیکشن کمیشن صاف اور شفاف الیکشن کروانے میں ناکام ہوچکا ہے، سیٹوں کو ہارنے والوں کے حوالے کر دیا، مخصوص نشستوں کو ریوڑیوں کی طرح بانٹا گیا۔انہوںنے کہا کہ ہم اپنے حق کے لئے  ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔