بطور حکومت وفاق سے رابطہ رکھیں گے لیکن ووٹ چوروں سے مفاہمت نہیں کرینگے: علی امین گنڈاپور

راولپنڈی(صباح نیوز) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بطور وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت ہم آپس میں رابطے رکھیں گے لیکن  ہم ووٹ چوروں کے ساتھ مفاہمت نہیں کریں گے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں رول آف لا ہونا چاہیے، ہم نظریے کے مطابق کام جاری رکھیں گے، ہم ایسا نظام بنائیں گے آئندہ کوئی مینڈیٹ چوری نہ کرسکے، ہم نے صوبے میں امن و امان قائم کرنا ہے، روزگار دینا ہے،ہم بنیادی سہولیات، ایجوکیشن اور صحت میں بہتری لائیں گے، ہم ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے۔

علی امین نے کہا کہ چیف جسٹس سے گزارش ہے 9 مئی پر کمیشن بنائیں، ہماری خواتین اور کارکن جیلوں میں ہیں، ہمارا مطالبہ کے 9 مئی سے فائدہ حاصل کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے، ہم نے پاکستان کے لیے 2 حکومتیں چھوڑی ہیں اور بانی پی ٹی آئی ہمارے بچوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔وزیراعلی کے پی کا کہنا تھاکہ پاکستان ہمارا ہے، مرکز کی حکومت نے مینڈیٹ چوری کیا ہے،ہم پشاور میں پرامن احتجاج کریں گے، ہمیں ریزرو سیٹیں نہیں ملیں، میرے صوبے کے کچھ حقوق ہیں، ان حقوق کے لیے میں اسلام آباد آوں گا، ہم ووٹ چوروں کے ساتھ مفاہمت نہیں کریں گے، بطور وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت ہم آپس میں رابطے رکھیں گے، اسٹیبلشمنٹ بھی ہماری ہے ادارے بھی ہمارے ہیں،اسٹیبلشمنٹ سے مفاہمت ہوگی تو اس کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

کے پی اسمبلی میں ثوبیہ شاید پر لوٹا پھینکنے کے واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس خاتون کے ساتھ بد تہذیبی ہوئی انہوں نے خاتون کارڈ استعمال کیا، خاتون کا قصور تھا لیکن میں نے بطور سی ایم خاتون سے معافی مانگی،علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سارا ریکارڈ قوم کے سامنے ہے، ہماری اور ان کی حکومت میں معاشی حالات کا فرق خود دیکھ لیں، رمضان میں ساڑھے 8 ہزار خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے دیں گے۔وزیر اعلی کے پی کا کہنا تھا کہ پشاور میں اتوار کو احتجاج کریں گے، صوبے کے حقوق کے لئے ووٹ ملا ، دفاع کیلئے ہر حد تک جاوں گا، حقوق نہ ملے تو عوام کی سوچ کے لئے جانا ہوگا۔