پشاور میں تاریخی دھاندلی ہوئی ، سیٹیں 3 سے 7 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں،تیمورسلیم جھگڑا

پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ پشاور میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے، سیٹیں 3سے 7کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فارم 45دینے کی درخواست دی، اب تک نہیں دیئے، میرے حلقے کے فارم 45 الیکشن کمیشن نے اپلوڈ کر کے دوبارہ ڈیلیٹ کئے، جوڈیشل انکوائری کر کے ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی نے کیا کیا آج تک؟ ہم انتقامی کارروائی نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں، ہم سب وزیراعلیٰ کو خط لکھیں گے کہ جوڈیشل انکوائری ہو۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی صوبائی کابینہ بنائیں گے، اگر میں الیکشن واقعی ہارا ہوں تو کابینہ میں میرا حق ہی نہیں بنتا۔