کراچی(صباح نیوز)کراچی کی جیل میں قید کی سزا پوری کرنے والے 20 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا گیا جنہیں کل (پیر کو)لاہور کے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور بلا اجازت مچھلیوں کا شکار کرنے پر گرفتار کئے گئے 20 ماہی گیر کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں قید تھے۔قید کی سزا پوری ہونے پر حکومتِ پاکستان نے انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات پر ان 20 ماہی گیروں کو اتوار کی صبح کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا کر دیا گیا۔
رہائی پانے والوں میں سنیل ولد پیارے لال، راجو والد وینود، بچی لال ولد رام سہواک، ویوک ولد رام باسل، جئے سنگھ ولد دوسا بھائی، دنیش ولد رائے سنگھ، کمبلاپا بھویش ولد بابو بھائی، ہری ولد بھیکا، منو ولد ویرا، کرسان ولد کھیمہ، بھگت ولد باسو، بھویش ولد بھیکھا، نریش ولد سدی، کانا ولد دیوا، گوپال ولد جینا، احمد ولد دادا، بھیما ولد مالا، بھارت ولد ہاجہ اور دھیرو ولد کالا شامل ہیں۔
جیل حکام کے مطابق ان ماہی گیروں کو ایدھی فائونڈیشن کے حوالے کر دیا گیا ۔ ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے ان ماہی گیروں کو جیل اہلکاروں کی نگرانی میں بس کے ذریعے لاہور پہنچایا جا ئیگا۔ماہی گیروں کے تمام سفری اخراجات ایدھی فائونڈیشن برداشت کریگی۔ماہی گیروں کی بھارتی حکام کو سپردگی کی تقریب لاہور کے واہگہ بارڈر پرکل (پیر کی)دوپہر ہو گی۔