جے یو آئی کے ساتھ ساتھ میاں نواز شریف کے ساتھ بھی ہاتھ ہوگیا،حافظ حسین احمد

کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے ساتھ ساتھ میاں نواز شریف کے ساتھ بھی ہاتھ ہوگیا ہے، مولانا، نواز شریف کی بات ماننے سے زیادہ اس بات کا امکان ہے کہ نواز شریف مولانا کا ساتھ دیں گے کیوں کہ مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف کے ساتھ سب سے زیادہ قریبی اپنوں نے ہاتھ کیا ہے۔ جمعہ کے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے سابقہ پی ڈی ایم حکومت کو بھی دلی طور پر تسلیم نہیں کیا تھا تو اب اس حکومت کو وہ کیسے تسلیم کریں گے کیوں کہ اب کی بار انہیں چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنانے کے لیے بلایا گیا تھا لیکن چھوٹے میاں نے ان کے ساتھ ملکر ایک بار پھر بڑے میاں کے ساتھ ہاتھ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی اس لیے بھی آگے نہیں چلے سکے گی کہ زرداری کا ٹارگیٹ بلاول تھا اور ان کا ٹارگیٹ شہباز شریف تھا اس لیے فارم 47کے تحت جو حتمی نتیجہ آیا ہے اس میں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ نواز شریف بھی مظلومین کی صف میں کھڑے نظر آرہے ہیں، موجودہ ملاقاتوں کے متعلق پوچھے سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کوئی تبصرہ کئے بغیر شعر پڑھتے ہوئے کہا کہ آ عندلیب مل کے کریں آہ و زاریاں، تو ہائے گل پکار میں چلاں ہائے دلجے ،یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ بی بی کے میاں اور پنجاب کے میاں کے درمیان دوستی زیادہ لمبی نہیں چل سکتی کیوں کہ زرداری اپنے فرزند بلاول کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں وہ شہباز شریف کو کیسے وزیر اعظم رہنے دیں گے