بلوچستان اسمبلی: سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، اسپیکر عبدالخالق اچکزئی

کوئٹہ (صباح نیوز)بلا مقابلہ منتخب ہونے والے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی کا کہنا ہے کہ وہ بلا تفریق تمام اراکین اسمبلی کو ساتھ لے کر چلیں گے۔عبدالخالق اچکزئی نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام اسمبلی ممبرز کا مشکور ہوں جنہوں نے  مجھے اسپیکر کی ذمہ داری سونپی ہے۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ ایوان کو قواعد وضوابط کے تحت چلائیں گے اور حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے محترمہ غزالہ گولہ نے کاغذات جمع کروائے جبکہ وقت مقررہ تک ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے۔اس طرح پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئیں جن سے عبدالخالق اچکزئی نے حلف لیا۔

نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ظہور بلیدی نے ایوان سے خطاب کے دوران نو منتخب اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کو مبارکباد پیش کی۔ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ ایوان ایک مقدس ادارہ ہے جس کا انتخاب عوام کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو تنقید کے بجائے ایوان کا احترام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمانی لوگ ہیں اور شیشے کے گھر میں رہ کر کسی کو پتھر نہیں مارا جاتا۔۔