گوادر (صباح نیوز) گوادر میں پاک فوج کاریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے،بارشوں اورگوادر سور بندراور جیونی میں سیلاب کے بعد پاک فوج کے دستوں کی امدادی کارروائیاںجاری ہیں۔ جنرل آفیسرکمانڈنگ 44 ڈویژن نے کمشنرمکران ڈویژن اورڈپٹی کمشنرگوادر کے ہمراہ گوادرسٹی اور سربندرکا تفصیلی دورہ کیا،آرمی اور سویلین انتظامیہ کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اورمقامی آبادی کو فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اس وقت فوج گوادر،جیونی اورسوربندر کے گرد و نواح میں سیلاب کی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں،گاؤں روہبر،پرنٹوک اور خرگوشکی کے پھنسے ہوئے دیہاتیوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔ دو میڈیکل کیمپ گوادرمیں دو جیونی میں،ایک اکرا میں اور ایک پشوکان میں قائم کیا گیا،اس کے علاوہ گوادر میں دو ایمرجنسی ریسپانس یونٹ بھی قائم کئے گئے۔ آرمی انجینئرز پلانٹ کوجیونی میں بند توڑ آپریشن اورگوادر میں سڑکیں کھولنے/بحالی کی کارروائیوں کی حمایت میں تعینات کیا گیا، سیلاب زدہ علاقوں گھروں سے پانی نکالنے کیلئے پمپ لگائے گئے ہیں۔
بے گھرپریشان شہریوں میں پکا ہواکھانا اورخشک راشن تقسیم کیاگیا ،پھنسے ہوئے شہریوں کی مدد کے لئے موبائل ریپئرٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا،بے گھر آبادی کو خیمے اور چٹائیاں بھی فراہم کی گئیں۔
مقامی آبادی نے فوج کی کوششوں کو سراہا،سیلاب کا پانی تیزی سے کم ہو گیا،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ بارش کا پانی کم ہونے کے بعد فوج ان کے گھروں اورانفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر نو اور بحالی کے لئے اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔