بلوچستان میں اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ سی پی این ای

کراچی(صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کی بلوچستان کمیٹی کا اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک چیئرمین عارف بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بلوچستان میں آزادی صحافت کی صورت حال اور پرنٹ میڈیا کے معاشی حالات پر گفت وشنید کی گئی۔ اس موقع پر شرکا اجلاس نے نئی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ عبوری حکومت کے دور میں صحافیوں کے خلاف کوہلو، ودھ اور خضدار درج کی جانے والی ایف آئی آرز فی الفور ختم کی جائیں۔ اخبارات و جرائد کو جاری کیے جانے والے سرکاری اشتہارات کے نرخ میں 100فیصد اضافہ کیا جائے۔وفاقی اور صوبائی سطح پر اخبارات و جرائد کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے۔

بلوچستان حکومت فوری طور پر اخبارات و جرائد کے اشتہاراتی بجٹ میں اضافہ کرے اور اس کے ساتھ ڈسپلے اشتہارات بھی جاری کیے جائیں تاکہ پرنٹ میڈیا کی انڈسٹری زندہ رہ سکے۔ اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متعلقہ فنڈز موصول ہوتے ہی اشتہاراتی واجبات کی ادائیگیاں عمل میں لائیں اور متعلقہ محکمہ جات میں ایسا عملہ مقرر کیا جائے جو اشتہاراتی واجبات کی ادائیگی کا فریضہ قومی خدمت کے طور پر سر انجام دے۔ اخبارات و جرائد کو اشتہارات کافی عرصہ سے خاطر خواہ تعداد میں نہیں دیے جارہے ہیں ،جس کی وجہ سے ان کا گزارا مشکل ہوگیا ہے۔امید ہے کہ آنے والی نئی حکومت پرنٹ میڈیا کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جمہوری طرز عمل کا مظاہرہ کریں گی۔