اسلام آباد(صباح نیوز)بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز، وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، اور ایس او ایس فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد میں آؤٹ آف سکول بچوں میں تعلیمی کٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقادکیا جارہاہے۔یہ تقریب 22 فروری 2024 کودن دو بجے گلوبل اسکول سسٹم، سوہان، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
ڈاکٹر شائستہ سہیل، چیف ایگزیکٹوآفیسر ایس او ایس فاؤنڈیشن، اور ڈائریکٹر جنرل بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز حمید خان نیازی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔اس تقریب کا مقصد اسلام آباد میں اسکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو کمیونٹی سکولز کے ذریعے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے دوران تعلیمی کٹس تقسیم کرنا ہے تاکہ انہیں معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کی جا سکے اور ان میں تعلیمی مقاصد کے حصول کی صلاحیت پیدا کی جا سکے۔
تقریب میں وزارتِ تعلیم اور ایس او ایس فاؤنڈیشن کے ذمہ داران، سماجی کارکن، سٹریٹ چلڈرن اور ان کے والدین شرکت کریں گے۔یہ اقدام بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز، وزارتِ تعلیم، اور ایس او ایس فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے پاکستان میں تمام بچوں کو، ان کے پس منظر یا حالات سے قطع نظر، تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہے۔