خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کے شعبہ کمیونیکشن اور میڈیا اسٹڈیز میں ایم فل پروگرام میں اسکالرز کے پہلے بیچ کے کامیاب اندراج اور کلاسز کا باقاعدہ آغاز

کرک(صباح نیوز)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کے شعبہ کمیونیکشن اور میڈیا اسٹڈیز نے ایم فل پروگرام میں اسکالرز کے پہلے بیچ کے کامیاب اندراج اور کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ بدھ کے روز منعقدہ اورینٹیشن سیشن کا انعقاد ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد انور مروت کی موجودگی میں ہوا۔اورینٹیشن کے دوران سکالرز سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انور مروت نے اکیڈمک ایکسیلنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سکالرز اپنی تحقیقی صلاحیتوں میں اعلی معیار کے لیے کوشش کریں۔ انہوں نے تعلیمی تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ڈیپارٹمنٹ کے عزم کو واضح کیا، جس میں ایم فل سکالرز اعلی تعلیم کے میدان میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔سی ایم ایس ڈیپارٹمنٹ کے سینئر فیکلٹی ممبر وجاہت کریم نے اعلی تعلیم کے تقاضوں کے بارے میں سکالرز کے ساتھ اپنے تجربے کا اشتراک کیا۔

انہوں نے لگن اور قوت ارادی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ انکی تحقیق میں بہتری لانے کے لیے کوشش کریگی۔اورینٹیشن سیشن کے دوران ڈاکٹر عبدالرف نے تعلیمی کیلنڈر، خاص طور پر تحقیق اور ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ منظم تعلیمی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، ڈاکٹر رف نے ایم فل اسکالرز کے لیے ایک نتیجہ خیز تعلیمی سفر کی بنیاد شروع کرنے پر زور دیا۔سی ایم ایس کے شعبہ کے لیکچرار محمد انور خان محسود اور بصر علی نے کورس کے مندرجات میں عملی مہارتوں اور تحقیق کو شامل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے ایم فل پروگرام کے دوران حاصل کردہ علم کے عملی میدان میں اطلاق کی مطابقت کو اجاگر کیا۔ایم فل اسکالرز نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ نے کورس کو ان کے لیے قابل رسائی بنایا ہے اور انکو آگے کے تعلیمی سفر کا بے تابی سے انتظار ہے، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ خوشحال خان خٹک یونیورسٹی میں سی ایم ایس ڈیپارٹمنٹ انہیں اپنے متعلقہ فیلڈ میں کامیابی کے لیے ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کرے گا۔