ضلعی انتظامی کے تعاون سے یوریا کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے،وزیراعظم


اسلا م آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ضلعی انتظامی کے تعاون سے یوریا کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے جو کسانوں کو یوریا کھاد کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے گی۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں کھادوں سے متعلق امور پرا یک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ملک بھر میں یوریا کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کیلئے سخت اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تین سالہ عہد میں یوریا کھاد کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی ہے جو 61 لاکھ ٹن سے زیادہ ہے ۔2018 سے قبل یہ پیداوار کبھی 51 لاکھ سے زیادہ نہیں ہوئی تھی۔اجلاس کو ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ روکنے کیلئے یوریا کی پیداوار اس کی تقسیم ، نگرانی نظام اور پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے فرق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس کو انسداد سمگلنگ کاررائیوں اور حکام کی جانب سے سرحدی چوکیوں پر بوریاں ضبط کرنے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔۔اجلاس میں ایک جامع منصوبہ بھی پیش کیاگیا جس پر عملدرآمد کے بعد یوریا کھاد کی بلاتعطل تقسیم کوضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں یقینی بنایاجائے گا