اسلا م آباد(صباح نیوز)قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے وزیر سید فخر امام نے زرعی شعبے کی کارکردگی بڑھانے کیلئے کسانوں کی قرضوں تک رسائی بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔
وہ اسلام آباد میں زرعی انقلاب کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں کاشت کاروں کو زرعی مداخل اور کھادوں پر اعانت دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ زرعی شعبے کی ترقی اور کاشت کاروں کی خوشحالی کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں روایتی فصلوں کے ساتھ علاقائی پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نقد آور فصلوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ملک میں نامیاتی کاشت کاری کو فروغ دینے اور چیری اور لیچی جیسے پھلوں کی ویلیو چین قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ سید فخرامام نے کہا کہ ہم دوسرے ملکوں کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں اور ان کی تحقیق کا اپنے ملک میں اطلاق کرسکتے ہیں۔