اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوان نسل کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، نوجوان تندہی سے کام کریں محنت کا صلہ لازمی ملے گا، نوجوان صرف نوکری کیلئے نہیں بلکہ قابل بننے کے لئے تعلیم حاصل کریں، پاکستانی ایک ہنرمند اور محنتی قوم ہیں۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے زیر اہتمام یوتھ-پیووٹ آف نیشنل انٹریگیشن کے عنوان پر منعقدہ کنونشن سے خطاب کیا۔چیئرمین سینیٹ نے قومی اتحاد کو فروغ دینے میں نوجوانوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے، ہمیں پاکستان کو عطا کردہ اللہ کی نعمتوں پر اسکا شکر ادا کرنا چاہئے، پاکستانی ایک ہنرمند اور محنتی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت ممالک کے پاس زیادہ وسائل ہیں لیکن ان کے پاس پاکستان جیسے انسانی سرمائے کی کمی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ نوجوان تندہی سے کام کریں، محنت کا صلہ لازمی ملے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان میں یونیورسٹیوں کے قیام پر ایچ ای سی کی کاوشوں کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ بھی اب تعلیم یافتہ ہیں، صوبہ بلوچستان کے لوگوں کی ذہنیت میں مثبت تبدیلی آئی ہے، پاکستان کے سب سے بڑے ضلع چاغی میں روڈ انفراسٹرکچر، بجلی اور یونیورسٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف نوکری کیلئے نہیں بلکہ قابل بننے کے لئے تعلیم حاصل کریں۔ محمد صادق سنجرانی نے قومی ترقی کو آگے بڑھانے میں مضبوط اداروں اور قابل اساتذہ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں بھی مایوسی اور ناامیدی کو فروغ نہیں دینا چاہئے، اللہ نے پاکستان کو بیشمار وسائل سے نوازا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے قوم کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوان نسل کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا، نوجوان ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ہر فرد حکومتی نظام کا ایک حصہ ہے، نوآبادیاتی دور کی ذہنیت کو مسترد کرنا ہوگا، پاکستان اب ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، ا س کی ترقی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، حکومتوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا، چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی، گوادر یا کوئٹہ بلوچستان میں بھی اسی طرح کے یوتھ کنونشن کے انعقاد کے لئے تعاون کیلئے تیار ہیں۔