لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان ، جس میں قدرتی وسائل کی فروانی ہے – ملک کا ستر فی صد زرعی رقبہ ، معدنی وسائل سے مالا مال ، گیس کے بہترین ذخائر لیکن نا اہل حکمرانوں اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے – پورا ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے- بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھ رہی ہے. ۔گیس کی عدم فراہمی کا دائرہ دیہاتوں سے شہروں تک پھیلا ہوا ہے –
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے پریشان کن ملکی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیاانہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی عدم دستیابی اور مہنگائی کی بے قابو لہر نے خواتین کو خاص طور پر متاثر کیا ہے – پاکستانی خواتین اس وقت بحرانی کیفیات سے گذر رہی ہیں -گیس کے بغیر گزارا مشکل اور مہنگائی کے باعث سلنڈر گیس قوت خرید سے باہر ہے- مگر خواتین کی ان پریشانیوں کا ازالہ کرنے کے لیے کوئی ذمہ دار حکومت بھی موجود نہیں – ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ سردی کی بڑھتی لہر میں مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے غریبوں کے لیے گرم کپڑوں کا بندوبست محال ہو گیاہے- سردیوں کی اس لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے وسیع امدادی پیکج کی ضرورت تھی -الخدمت فاونڈیشن ایسے حالات میں ملک بھر میں ونٹرپیکج تقسیم کررہی ہے مگر حکومتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں –
دوسری طرف عالم کفر کی طرف سے اسرائیل کی بھرپور اخلاقی ، سفارتی اور مالی امداد کے باوجود وطن عزیز پاکستان کی اعلی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات جہاد فلسطین کے سینے میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہیں جب کہ مجاہدین فلسطین مسلمانوں سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں -ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ تمام مسائل کی جڑ اللہ سے دوری ،بے خوفی اور بد دیانتی ہے ۔جس کی وجہ سے پاکستان نہ اپنے باشندوں کی ضروریات کی تکمیل کا اہل رہا ہے اور نہ عالمی سطح پراتحاد امت کا مظہر ہے- مملکت پاکستان کو قبضہ گروپ ، وڈیروں ، کرپٹ سیاستدانوں سے چھٹکارا دلوا کر پھر سے عالمی سطح پر ملکی وقار کو بحال کرنے کی ضرورت ہے اللہ کے نظام کی برکت اور دیانتدار حکمرانوں کے اثرات سے معاشرے کو مستفید کرنے کے لئے عوام کو ووٹ کا استعمال دیانتداری سے کرنا ہوگا ۔ہر تعصب اور تعلق کے بجائے صرف عوام دوست اور دیانتدار قیادت کا انتخاب ملک کی ضرورت ہے