پشاور (صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو صوبے میں جاری عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے۔
وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہائوس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان سے ملاقات کی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو صوبے میں سیاسی صورتحال، انتظامی امور اور امن وامان کی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں جنگلات کے تحفظ اور صحت کارڈ کے حوالہ سے بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں وزیر اعظم کو انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی کی روک تھام کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات اور آپریشن کے حوالہ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر اور پی ٹی آئی خیبرپختونخواکے صدر پرویز خان خٹک بھی وزیر اعظم کے دورہ پشاور کے دوران ان کے ہمراہ موجود تھے۔