کراچی(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کراچی کے تحت ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ الخدمت فارمیسی کاافتتاح کردیا گیا ،فارمیسی کا افتتاح امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کیا ۔قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ الخدمت ہر میدان میں عوام کی خدمت کر رہی ہے ۔ الحدمت فارمیسیز پورے ملک میں کام کر رہی ہیں۔کراچی میں بھی الخدمت فارمیسیز کا دائرہ بڑھائیں گے ۔ کراچی میں 200فارمیسیز کے قائم کریں گے ۔ الخدمت جہاں عالمی معیار کے مطابق صحت کی سہولتیں فراہم کررہی ہے، وہاں اس کی فارمیسز میں بھی معیاری دواں اور فارمیسی کیلئے عالمی اصولوں کو مد نظر رکھا جا تا ہے ۔
اس موقع پر چیف ایگز یکٹونوید علی بیگ، Pharm Evo کے منیجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم ، ڈائریکٹر فارمیسی سروسز جمشید احمد نے بھی خطاب کیا ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ، صد ر الخدمت یوکے شوکت علی ، ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین، الخدمت فارمیسی وہیلتھ سروسز کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ الخدمت نے جہاں بنو قابل فارما سسٹ کا پروگرام لانچ کیا ہے، وہاں جلد ہم ہاو س وائفس کیلئے بھی جلد پروگرام شروع کرنے والے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مفت علاج اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرے کیونکہ حکومتوں کے پاس صحت کا بجٹ ہوتا ہے ،وسائل ہوتے ہیں مگر بد قسمتی سے صحت کا بجٹ عوام کی صحت پر نہیں لگتا۔ہمارے ٹیکسز کا پیسہ لوٹ مار کی نظر ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت ناظم آباد میں قائم اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک سینٹر قائم کیا جا رہا ہے ،جلد ایم آرآئی اور میموگرافی جسے اہم ٹیسٹ ہوں شروع کیے جائیں گے ،ہم متوسط طبقے کو کراچی کے بڑے اسپتالوں جیسی معیاری اور قابل اعتماد سہولتیں فراہم کر رہے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے کورونا کے دنوں میں بڑے پیمانے پر کام کیے ،ہم یتیم بچوں کی کفالت کر رہے ہیں ،ہم صحت کی جدید اور معیاری سہولتیں دے رہے ہیں ،کم آمدن والے افراد کو یہ سہولتیں دیگر اسپتالوں کی نسبت ارزاں نرخوں پر دی جا رہی ہیں ،جبکہ انتہائی غریب لوگوں کیلئے بھی یہاں ایک طریقہ کار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ہم لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کررہے ہیں ،لوگوں کو ہنر سکھا کر انہیں خود کفیل بنانے میں مصروف ہیں ۔بنو قابل کے ذریعے آئی ٹی کے مفت کورسز کروارہے ہیں ۔بنو قابل 2.0میں سوا لاکھ بچوں نے ٹیسٹ دیا ۔کراچی میں ہم نے 35آئی ٹی ٹریننگ سینٹر قائم کیے ہیں ،جہاں 26ہزار لڑکے لرکیاں آئی ٹی کورسز کررہے ہیں ۔ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کے دفتر میں آئی ٹی کی تعلیم نہیں دی جاتی ادارہ نورحق میں یہ کلاسز ہوتی ہیں ،جہاں یومیہ ایک ہزار لڑکے، لڑکیاں کورسز کر نے آتے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے نوجوان باصلاحیت ہیں ،یہ آگے بڑھ سکتے ہیں ،انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ہم نوجوانوں کی مایوسی اور بے چینی ختم کریں گے ۔چیف ایگزیکٹو الخدمت کر اچی نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم نے اپنی تمام سروسز کو معیاری اور قابل اعتمادبنایا ہے تاکہ یہاں سفید پوش اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ان سہولتوں سے استفادہ کریں ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ جلد ناظم آباداسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک سینٹر میں ایم آرآئی اور میمو گرافی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ Pharm Evo کے منیجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم نے الخدمت کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ یہ خوش آئند عمل ہے۔ کہ الخدمت فارمیسز اور ہیلتھ سروسز میں معیار کو اولیت دے رہی ہے اور اس پر بھرپور کام کیا جا رہا ہے ۔ڈائریکٹرالخدمت فارمیسی سروسز سید جمشید نے کہا کہ الخدمت کی فارمیسز میں عالمی معیار اور اصول کو مدنظر رکھا جاتا ہے ،پاکستان میں صرف 4فیصد فارمیسز ایسی ہیں معیار کے اصولوں کو مدنظر رکھتی ہیں اور ان کے پاس فارما سسٹ ہوتے ہیں ،جبکہ باقی ملک بھر میں پرچون کی طرح دوائیں فروخت ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کی فامرمیسز میں ساڑھے 13فیصد رعایت دی جاتی ہے ،انہوں نے کہا کراچی میں 200فارمیسیز بنائیں گے اور رواں میں 3فارمیسز کاافتتاح کیا جا رہا ہے ۔