اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں مقامی سکول(پی ایس آئی)کا سالانہ کھیلوں کا دن فلسطین کے بچوں اور عوام سے یک جہتی کی تقریب میں بدل گیا۔ سکول کے بچوں نے فلسطین سے یک جہتی کا ترانہ گایا۔ بچوں نے گلے میں روایتی فلسطینی سکارف بھی پہن رکھے تھے۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے بے گناہ بچوں کی شہادتوں کے اظہار کے طور پر بچوں نے ہاتھوں پر سرخ رنگ بھی لگا رکھا تھا۔ اس موقع پر یک جہتی کے اظہار کے طور پر فلسطین اور پاکستان کے پرچم بھی لہرائے گئے۔ تقریب کے شرکا نے بھرپور تالیوں سے بچوں کے جذبے کو سراہا۔
قبل ازیں مشعل بردار بچوں نے روایتی مشعل روشن کرکے سالانہ کھیلوں کی تقریب کا باضابطہ آغاز کیا۔ تقریب کا باضابطہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے کیاگیا۔ بچوں نے یوگا، دوڑ، کراٹے، پی ٹی ڈسپلے، میوزک، فائر رنگ سے گزرنے، رسہ کشی سمیت مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ سکول کی پرنسپل ہادیہ اشرف نے کہاکہ ہر سال کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ سکول کے تمام بچے ان میں حصہ لیتے ہیں کیونکہ پڑھائی کے ساتھ غیرنصابی سرگرمیاں بھی بچوں کی نشوونما کے لئے نہایت اہم ہوتی ہیں۔ ہادیہ اشرف نے کہاکہ اس مرتبہ سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کو فلسطین کے بچوں کے نام کیا گیا ہے۔ ساتویں جماعت کی طالبہ امیمہ زینب نے کہاکہ وہ ان کھیلوں میں شرکت پر بہت خوش ہے۔ ہم بچے پوری دنیا پر زور دیتے ہیں کہ فلسطین کے بچوں کی مدد اور ان کے تحفظ کے لئے آگے آئے۔بچوں میں تمغے اور ٹرافیز بھی تقسیم کی گئیں تقریب کے اختتام پر والدین کی دوڑ اور ماں اور خواتین اساتذہ کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ بھی ہوا جس میں مائیں جیت گئیں۔