سوات (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہوئے میڈیا کی طرف سے مثبت اور تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے ، حکومت سے کمزوریاں اور کوتاہیاں بھی سرزد ہوسکتی ہیں لہذا جہاں جہاں حکومت کی کوتاہیاں اور کمزوریاں نظر آئیں میڈیا ان کی نشاندہی ضرور کرے ہم ان کمزوریوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔
انہوں نے صحافی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مثبت اور تعمیری تنقید کے ساتھ ساتھ عوام کی آگہی کے لئے حکومت کے اچھے کاموں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو اجاگر بھی کیا کریں، وہ گذشتہ روز سوات پریس کلب کے دورے کے موقع پر سوات پریس کلب اور سوات یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے، وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ بدامنی کی وجہ سے سوات کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے تاہم انہوں نے انتہائی سخت حالات کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کیا، دہشت گردی کے دوران عام لوگوں، سیاسی قائدین اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سوات کے صحافیوں نے بھی بڑی قربانیاں دیں اور 4 صحافی شہید بھی ہوئے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ان سب کی قربانیوں کے نتیجے میں آج علاقے میں امن و امان قائم ہے اور علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، صحت، تعلیم ، سیاحت، اور مواصلات سمیت تمام شعبوں میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہیں اور عوام کے تعاون سے ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کا مستقبل سیاحت سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز میں سیاحت کے مواقع سے بھر پور استفادہ کرکے لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان حکومتی اقدامات کے خاطرخواہ نتائج سامنے آرہے ہیں، گزشتہ سیاحتی سیزن میں 27 لاکھ ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے صوبے کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا جس کے نتیجے میں صوبے میں کم و بیش 66 ارب روپے کی آمدن آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے شمالی علاقوں میں پن بجلی کے مواقع سے استفادہ کرنے کے لئے بھی پن بجلی گھروں کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے سوات پریس کلب اور سوات یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب کابینہ ان سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ نومنتخب صدور اور ان کی کابینہ کے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدور اور ان کی کابینہ کے اراکین صحافیوں کی فلاح وبہبود اور علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی کا سلسلہ جاری رکھیں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے سوات پریس کلب کے نئے بلڈنگ کی تعمیر ، پریس کلب کے صحافیوںکے لئے جون تک میڈیا کالونی کے الاٹمنٹ لیٹرز،کمپویٹر ز لیب ،اور پریس کلب کے صحافیوںکیلئے دیگر مراعا ت کا اعلان کیا ۔، صوبائی وزیر محب اللہ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی، عزیز اللہ گران، سیکریٹری اطلاعات ارشد خان، وزیر اعلیٰ کے اسپیشل سیکرٹری محمد خالق اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے، قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوات پریس کلب کے نو منتخب چیرمین سعید الرحمان نے وزیر اعلیٰ اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر محبوب علی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو سوات کے صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ان مسائل کے حل کے لئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی۔