پشاور میں اطالوی سیاح کی خودکشی کی تصدیق، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی


پشاور(صباح نیوز) پشاور مین اطالوی شہری کی مبینہ خودکشی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اطالوی سیاح کی خودکشی کی تصدیق ہوئی ہے اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اطالوی شہری جوشوا موائسز ورگاس کی موت لٹکنے سے ہوئی، اس کی گردن کے گرد پھندے کا نشان پایا گیا جب کہ دائیں کان کے نیچے پھندے کی گرہ تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پھندے کے نیچے گردن کا پٹھا زخمی ہوا، گردن کی ہڈی بائیں جانب سے فریکچر ہوئی، متوفی کی شرٹ پرخون کے نشانات پائے گئے، نعش سڑنے اور منہ کی سوجن ایڈوانس اسٹیج پر تھی، ہاتوں کے انگوٹھے سیاہی مائل اور نیلا رنگ اختیار کرچکے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اطالوی شہری ٹینشن میں گولیاں استعمال کرتا تھا، متوفی کی دستاویزات، موبائل سمز اور دیگر سامان پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ غیر ملکی سیاح کو کسی نے مارا نہیں ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ اطالوی سیاح نے خود کشی کی ہے۔

واضح رہے کہ اطالوی شہری 18 اکتوبر کو باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے پشاور پہنچا تھا جبکہ اس نے 3 دسمبر کو خودکشی کی۔خودکشی کرنے والے اطالوی سیاح کا خط بھی سامنے آیا تھا، جو پولیس کو اس کے کمرے سے ملا تھا۔اطالوی سیاح کا خط میں کہنا تھا کہ میں نے تمام پیسے امریکا میں اپنی بہن کو بھجوا دئیے ہیں، ابھی میرے پاس 1 لاکھ 79 ہزار 500 پاکستانی روپے ہیں، یہ پیسے میری میت کی منتقلی کیلئے استعمال کیے جائیں، میرا ذاتی موبائل فون، عینک و دیگر چیزیں عثمان خان اپنے پاس رکھے۔