ڈی آئی خان حملہ، ماسٹر مائنڈ اور 7سہولت کاروں سمیت 9 دہشت گرد گرفتار


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے کمپاؤنڈ پر ایک ہفتہ قبل ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور 7سہولت کاروں سمیت 9دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی دستاویز کے مطابق دہشتگرد حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن سے ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے تھا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد حسن عرف شاکر کا تعلق افغانستان سے ہے، جس نے حملے سے قبل ویڈیو بھی جاری کی تھی جبکہ حملے میں ہلاک دوسرے خودکش حملہ آور صفت اللہ مروت کا تعلق امارت اسلامی افغانستان سے ہے۔  خودکش حملہ صفت اللہ کے والد نے بیٹے کے امارت اسلامی سے تعلق کی بھی تصدیق کردی ہے۔ کالعدم ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے 5 دہشتگرد بھی اس حملے میں ملوث تھے۔ دہشتگردوں کے پاس سے امریکی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی  چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 23 جوان شہید ہوگئے تھے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔