ڈی آئی خان،تھانہ درابن اور کلاچی کالج پر حملے ،4اہلکار شہید ،16زخمی ،3دہشت گرد ہلاک


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میںتھانہ درابن پر خودکش حملے میں3پولیس اہلکار شہید اور16زخمی ہو گئے،3دہشت گرد بھی مارے گئے، جبکہ کلاچی کالج پر دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسزکاایک جوان شہید ہوگیا، آصف علی زرداری ،نواز شریف، شہباز شریف ،مولانا فضلا الرحمن ، سراج الحق، بلاول بھٹو سمیت سیاسی شخصیات نے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

پولیس کے مطابق علی الصبح 3 بجے کے قریب دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانہ درابن کے مین گیٹ سے ٹکرادی، حملے میں تھانے کی چھت گر گئی، دہشت گردوں نے تھانے کے اندر گھسنے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پولیس نے بتایا کہ تھانے کے قریب فائرنگ کی گئی، جبکہ حملے کے نتیجے میں 16 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں، زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا، حملے کے بعد ڈی آئی خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ،تحصیل درابن کی مکمل ناکہ بندی کر دی گئی، تحصیل درابن کے تمام سکول اور کالجز میں منگل کو ہونے والے پیپرز بھی ملتوی کردیئے گئے۔

دوسری جانب ڈی آئی خان میں ہی کلاچی کالج پر دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسزکاایک جوان شہید ہوگیا، دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ناقابل معافی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ہے۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے منصوبہ سازوں اور نرسریوں کو ختم کرنا ہو گا۔

آصف زرداری نے پولیس کے شہید جوانوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔اس کے علاوہ ملک کی اہم سیاسی شخصیات نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔