پشاور(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع میں ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات 13 فروری کو کروانے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کے پی میں امیدواروں کے انتقال کے باعث ملتوی کیے گئے انتخابات اب 13 فروری کو ہوں گے۔
صوبائی الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان( ڈی آئی خان) میں میئر سٹی کونسل کی نشست پر الیکشن بھی 13 فروری کو ہی ہوگا۔ترجمان کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 89 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، جن کی جانچ پڑتال 14 سے15جنوری تک ہوگی۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں17 سے 18 جنوری تک کی جاسکیں گی۔ترجمان کے مطابق اپیلوں پر فیصلہ 21 جنوری، 22 جنوری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 24 جنوری تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق 25 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔