اسلام آباد(صباح نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سارک کے مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے سارک کے انتالیس ویں یوم منشور پر اپنے پیغام میں یقین ظاہر کیا کہ تنظیم کو فعال بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کی جائیں گی تاکہ رکن ممالک کو مفید باہمی علاقائی تعاون کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا پاکستان خطے کی ترقی کیلئے علاقائی تعاون کے استحکام اور امکانات پر یقین رکھتا ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سارک کے منشور کے مطابق نتیجہ خیز علاقائی تعاون، مساوی خود مختاری اور باہمی افہام و تفہیم کے سنہری اصولوں پر عمل سے ہی ممکن ہے۔وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور دنیا بھر کے فائدے کیلئے خطے کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔