سیاسی کاریگروں نے پھر عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔جاویدقصوری

فیصل آباد(صباح نیوز)  جماعت اسلامی پنجاب کے امیرجاویدقصوری نے کہاہے کہ الیکشن کے قریب آتے ہی پرانے سیاسی کاریگروں نے میدان میں آکر عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ پرانے نعروں کو نئے ڈھنگ سے پیش کیا جا رہا ہے۔ 75سال سے انہیں آزمایا جا رہا ہے مگر عوام اب بیدار ہوچکے ہیں وہ  جماعت اسلامی فیصل آبادکی شروع کی گئی رابطہ عوام اور الیکشن مہم کا آغاز اورضلع کونسل چوک میں فیتہ کاٹ کرمہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کررہے تھے۔

اُنہوں نے 8دسمبر سے 8فروری تک جاری رہنے والی مہم میںجماعت اسلامی کے مزید 1 کروڑ ووٹرز بنانے کابھی دعویٰ کیااورکہاکہ بار بار اقتدار میں رہنے والی سیاسی جماعتیں کوئی بہتری نہیں لا سکیں انہیں ایک اور موقع مل گیا تو پاکستان مزید پیچھے چلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے معیشت، صحت، تعلیم سمیت تمام شعبے زوال کا شکار اور ادارے کمزور ہو چکے ہیں۔

عوام مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں روزانہ اربوں کی کرپشن ہوتی ہے احتساب کے نام پر مذاق چل رہا ہے۔ طاقتور کے لیے احتساب اور انصاف کوئی معنی نہیں رکھتا۔ اس موقع پر ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ ، شیخ محمدمشتاق،سردارظفرحسین راناسکندراعظم،ملک معراج، عظیم رندھاوا،اجمل بدر،عاصم منیرلونا،افصال شاہین،خالدفخر،صدرجے آئی یوتھ نویداعوان ودیگربھی موجود تھے۔