اسلام آبادہائیکورٹ ، آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کرنیوالے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کرنے والے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری ہوا ہے۔عدالتِ عالیہ میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لئے 6 ججز دستیاب ہوں گے۔آئندہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان دستیاب نہیں ہوں گے۔ جسٹس بابر ستار نے ایک ماہ کی رخصت لے رکھی ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے جسٹس بابر ستار کی 30 ستمبر سے 29 اکتوبر تک رخصت منظور کر رکھی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار (اسٹیبلشمنٹ)اعجاز احمد اس حوالے سے پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری اور جسٹس بابر ستار کی ایک ماہ کی چھٹیوں کے دوران ان کی عدالت کی کاز لسٹ منسوخ کر چکے ہیں۔آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لئے6 سنگل اور 3 ڈویژن بینچ تشکیل دیئے گئے ۔چیف جسٹس عامر فاروق کی ہدایت پر لارجر بینچ اور خصوصی ڈویژن بینچ بھی دستیاب ہو گا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاوق کی منظوری سے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل نے ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کیا ہے۔