جماعت اسلامی نے شمالی پنجاب کے13اضلاع سے 63روزہ انتخابی مہم کا آغازکردیا

راولپنڈی ( صباح نیوز) جماعت اسلامی نے شمالی پنجاب کے13اضلاع سے 63روزہ انتخابی مہم کی تقریبات کا آغازکردیا صوبے بھرمیں انتخابی جلسے ، کارنرمیٹنگز،الیکشن دفاترکے افتتاح اور یلیوں سمیت دیگرایونٹس کاانعقاد کیا گیا ، امیرصوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے جہلم میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا ،قبل ازیں  اپنے حلقہ انتخاب پی پی28گجرات کے عوامی اجتماع میں شریک ہوئے اور صحافیوں سے خطاب کیا ۔ صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان اپنے حلقہ انتخاب این اے 49اٹک کے علاقے شینکہ میں منعقدہ ورکرزکنونشن میں شریک ہوئے اورخطاب کیا ۔ نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمدپی پی5جنڈاٹک میں 24دسمبرامیرجماعت سراج الحق کے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ مختلف اجتماعات میں شریک ہوئے ۔

نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کمرشل مارکیٹ راولپنڈی میں منعقدہ عوامی تقریب میں انتخابی مہم کا آغازاور خطاب کیا ۔اسلام آباد میں الیکشن مہم کی افتتاحی تقریبات میں مرکزی نائب امیروامیدواراین اے 46میاں محمداسلم مہمان خصوصی تھے، انھوں نے آئی ٹین مرکز سے انتخابی سرگرمیوں کا آغازکیا ۔نائب امیرصوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی منڈی بہائوالدین میں انتخابی تقریبات کے آغازپرمنعقدہ اجتماع میں شریک ہوئے ۔خوشاب میں منعقدہ عوامی اجتماع کے مہمان خصوصی نائب امیرصوبہ قاضی محمدجمیل تھے ۔صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز جنرل محمدعثمان آکاش چکوال،عبدالوہاب خان نیازی میانوالی میں شریک ہوئے اور انتخابی اجتماعات سے خطاب کیا۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ عوام، نوازلیگ ،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے سٹیج ڈراموں سے تنگ آچکی ہے جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت اور ترازو مظلوم کی امید ہے ۔