حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پرچل رہی ہے،آفتاب شیرپاؤ


پشاور(صباح نیوز)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پرچل رہی ہے اور منی بجٹ قو می  اسمبلی سے پاس کرانا اس کی ایک کڑی ہے۔

کیو ڈبلیو پی کے سیکرٹریٹ وطن کور سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ضمنی بجٹ سے ہر چیز کی قیمتیں مزید بڑھ جائے گی اور اس سے مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے ساڑھے تین سال کے عرصے میں عوام کی تکالیف میںکئی گنا اضافہ کیا ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ  بن چکی ہے کیونکہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی ایماء پر قانون سازی کرتے ہوئے ملک کی خود مختاری دائو پر لگادی ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں کو پس پشت ڈال ویا ہے ۔ حکمرانوں نے ملک کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے اور آئی ایم ایف سے بھاری سود پر قرضے حاصل کر نے کے باوجود ملکی معیشت دگر گوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اس حکومت اورحکمرانوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور ان سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے ترس گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی صوبہ بھر میں جلد مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہونے کے باوجود یہاں کے لوگ شدید گیس کمی کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ گیس کے ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کردیاہے۔