عوام ووٹ کی طاقت سے مفادپرست، عوام دشمن، بوسیدہ سیاست کو دفن کردیں،لیاقت بلوچ

لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت سے مفادپرست، عوام دشمن، بوسیدہ سیاست کو دفن کردیں،ا لیکشن 2024 نام نہاد پاپولر مفادپرست جماعتوں کو بے نقاب کررہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے اسلام آبادمیں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اور لاہور میں جامعہ پنجاب اور گورنمنٹ کالج گلبرگ کے طلبہ وفود سے ملاقات میں کہا کہ نوجوان طلبہ و طالبات کو اپنے مستقبل کی حفاظت کے لیے قیامِ پاکستان اور اس کے مقاصد کے جذبوں سے کام کرنا ہوگا،حکمران طبقہ کی اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے علاوہ کوئی ترجیح نہیں۔انتخابات 2024 پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے نوجوان ووٹرز کو تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔جماعتِ اسلامی نوجوانوں، طلبہ و طالبات کو ملک و ملت کا بہترین سرمایہ قرار دیتی ہے۔نوجوانوں کے مسائل حل کیے بغیر نہ تو ملک ترقی کرسکتا ہے اور نہ ہی امن و امان قائم ہوسکتا ہے،طلبہ و طالبات کو روزگار کی فراہمی کے لیے میرٹ پر سختی سے عمل نوجوان نسل میں اعتماد بحال کرسکتا ہے۔کھیل کے میدان آباد کرنا، منشیات کی لعنت کا خاتمہ اور صحت مند نوجوان نسل ہی ہمارا مشن ہے ،طلبہ و طالبات یونین کی بحالی حکومت، سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں پر قومی فرض ہے ،نوجوانوں کو طلبہ حقوق کی مثبت اور صحت مندانہ جمہوری جدوجہد سے روکنا قومی جرم ہے۔

لیاقت بلوچ نے منصورہ مرکز جماعتِ اسلامی میں لاہور کے اضلاع غربی، وسطی کے قائدین اور قومی و صوبائی اسمبلی امیدواران کی انتخابی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سیاسی جمہوریت کی دعویدار جماعتیں خود اپنی پارٹی میں جمہوریت، قیادت کے انتخاب اور پارٹی دستور پر عملدرآمد کی روادار نہیں،اِن لوگوں سے ملک میں جمہوریت، دستور کی بالادستی اور سیاسی رواداری کی توقع رکھنا عبث ہے ،جماعت اسلامی کے کارکنان اور انتخابی امیدواران دھڑے بندیوں، مال و دولت کے ذریعے سیاست کو یرغمال بنانے کے خاتمہ اور عوام کو صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات سے محروم کرنے کے ہر حربے کوناکام بنانے کے لیے استقامت، جرات، دلیری اور اسلامی انقلابی جذبوں سے انتخابی مہم چلانا ہے ،جماعتِ اسلامی نے ملک گیر انتخابی مہم شروع کردی ہے ،امیر جماعتِ اسلامی ہر محاذ پر پورے ملک میں جرات و محنت سے متحرک ہیں ،انتخابات 2024 نام نہاد پاپولر مفادپرست جماعتوں کو بے نقاب کررہا ہے ،ملک بھر کے ووٹرز اپنی رائے کی طاقت سے مفادپرست، عوام دشمن، بوسیدہ سیاست کو دفن کردیں۔