علی امین گنڈا پور فیڈریشن کے خلاف سرکاری اسلحہ استعمال کرتے ہیں،عطا تارڑ


لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور فیڈریشن کے خلاف سرکاری اسلحہ استعمال کرتے ہیں۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشوں سے سفارتی تنہائی ختم ہوئی، پوری دنیا پاکستان کی معاشی پالیسی کی معترف ہے بلکہ دنیا کے ممالک سربراہان پاکستان آ بھی رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے واشگاف الفاظ میں پوری مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے کہ جب انہوں نے فلسطین کا مقدمہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں لڑا اور بڑے موثر انداز میں مقدمہ لڑا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلسطین یا کاز ہو یا کشمیر کا، وزیراعظم اس کے علمبردار بنے، اب جب دنیا کے ممالک کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں، ایرانی صدر کے دورے کے بعد پاک ایران تعلقات میں مضبوطی آئی۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح سعودی عرب کے ساتھ تعلقات دیکھیں، ان کا ایک اور وفد آرہا ہے تعاون بڑھ رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جب ملائیشیا کے صدر ملک میں موجود تھے، تو یہ کوشش کی گئی کہ ڈی چوک کی طرف مارچ کیا جائے، جب کوئی باہر سے مہمان آتا ہے وہ پاکستان کی عزت ہے، وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے آتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، عالمی جریدے دیکھ لیں، بلوم برم کہتا ہے کہ پاکستان کی اکانومی ٹیک آف کر رہی ہے، سٹاک مارکیٹ ایشیا کی ایمرجنگ ترین مارکیٹس میں سے ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ مہنگائی کا سنگل ڈیجٹ میں آنا کسی معجزے سے کم نہیں ہے، رائٹ سائزنگ، ڈاؤن سائزنگ کی، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کی، ہم نے ڈیفالٹ سے بچایا، آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ آپ نے آئے ہوتے تو ملک ڈیفالٹ کر چکا ہوتا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ترقی ہے تو دوسری طرف انتشار ہے، تشدد ہے اور ایک طرف بالکل تباہی و بربادی کا منظر ہے، وہ خیبرپختونخوا کا صوبہ ہے۔عطا تارڑ نے سوال اٹھایا کہ دھرنے یا مارچ کیوں کئے جا رہے ہیں؟ کیونکہ ان کو کبھی بھی پاکستان کی ترقی قابل نہیں تھی اور نہ ہے، ان کو مروڑ اٹھ رہے ہیں، ان کو رات کو نیند نہیں آتی، وزیراعظم شہباز شریف کہتے تھے کہ مجھے راتوں کو نیند نہیں آتی، اس ملک اور قوم کی پریشانی، ادھر پریشانی یہ ہے کہ ملک ترقی نہ کر جائے ۔

وفاقی وزیر اطلات نے کہا کہ یہ وہی کام ہے، جو 2013 میں کیا گیا تھا، ہمارا طرز عمل کیا ہے کہ نواز شریف بنی گالا جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ملک کی خدمت کریں گے، پتہ ہے کہ چین کے صدر آرہے ہیں لیکن پھر بھی 2014 میں دھرنے شروع ہو جاتے ہیں، چینی صدر کے دورے میں کئی ماہ کی تاخیر ہوئی، پاکستان کے لئے انہوں نے جو 64 ارب ڈالر کا تحفہ دینا تھا، وہ تاخیر سے آیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ میں واضح انداز میں آپ کو بتا دوں کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہی اجلاس کو سبوتاژ کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ کئی دہائیوں بعد 12 ملکوں کے سربراہان مملکت پاکستان میں آرہے ہیں، اسلام آباد کو سجایا جارہا ہے، جو باہر سے آئے، پاکستان کا اچھا امیج لے کر جائے، ایس سی او کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے، جس طرح 2014 میں دھرنے دے کر کی گئی تھی، اللہ کے فضل سے ریڈ زون کے قریب کسی کو نہیں بھٹکنے دیں گے، ایس سی او اچھے طریقے سے چلے گی، خوش اسلوبی سے چلے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ آتی ہے کہ ان کو تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کیوں کر رہا ہے ؟ آپ کے دور میں 30 فیصد مہنگائی، آپ کے دور میں ایک منصوبہ نہیں لگا۔ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو پنجاب پر کمائی کے لیے مسلط کیا گیا تھا، پنجاب کے عوام کو لوٹا گیا، اب خیبرپختونخوا میں وہ کام کررہے ہیں، ادھر بزدار دوم (علی امین گنڈاپور)، یہاں پر وسیم اکرم پلس تھا، وہاں پر پلس پلس پلس لگا دیا گیا ہے، وہ صرف بڑھکیں مارتا ہے، وہ فیڈریشن کے خلاف سرکاری اسلحہ استعمال کرتا ہے۔عط

تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس آنسو گیس لے کر آئی ہے، اس عوام کے ٹیکس کے پیسے کے کروڑوں روپے وہ پیٹرول پر خرچ ہو چکے ہیں، ان کے جلسوں میں جو نجی گاڑیاں ہیں، ان کا پیٹرول بھی سرکار ڈلواتی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیرخارجہ کو اپنے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے، ایس سی او کے اور ملک بھی ہیں، پتہ نہیں باقی ملکوں کو مدعو کیوں نہیں کیا؟ باقی ممالک بھی آرہے ہیں، ان کو بھی دعوت دے دیتے۔ا نہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پوری چڑھائی کرکے گئے، علیمہ خان، نورین خان، عظمیٰ خان کور کمانڈر ہاؤس کے باہر، بھانجے نے ڈنڈے پر وردی لٹکائی ہوئی تھی ۔