معصوم بچوں کے قتل عام پر مسلم حکمران روزمحشرنبی ۖکاسامنا کیسے کریں گے ، ڈاکٹرطارق سلیم 


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کے قتل عا م پر خاموشی کے بت بنے مسلم ممالک کے حکمران ساڑھے6ہزارمعصو م بچو ں کی شہادت پر روزمحشرنبی مہربان ۖ کاسامناکیسے کریں گے اس وقت غزہ میں محصور22لاکھ عوام کی نہیں بلکہ 2ارب مسلمانوں بالخصوص جدیداسلحے سے لیس ریگولرفوج رکھنے والے حکمرانوں کی آزمائش ہے جوبے حس او ربے غیرت بن کربلاواسطہ ناجائزبدمعاش اسرائیلی ریاست کی سہولت کا ری کاکرداراداکررہے ہیں۔
 
ان خیالات کااظہارانھوں نے سی ڈی ایل ریلوے ورکشاپ میں منعقدہ رحمتہ العالمین ۖکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی ،پریم یونین کے رہنماچوہدری محمود الاحد،دل مراد،رشید جدون،ذوالفقارخان سمیت ریلوے ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ امریکہ اندرسے کھوکھلا ہورہا ہے لیکن عرب وعجم کے مسلمان ممالک کے بزدل حکمرانوں کی وجہ سے اسلامی ممالک میں اس کی مداخلت اب بھی جاری ہے عالم کفرمسلمانوں کوآپس میں تقسیم کرکے اپنے مفادات پورے کرتاہے ۔پوری امت مسلمہ کو غزہ کے بچوں کامسیحابنناچاہیے،جماعت اسلامی اسرائیلی جارحیت سے اب تک مسلسل اس غنڈاگردی کے خلاف آواز بلندکررہی ہے کراچی، اسلام آباد، پشاور، لاہورمیں غزہ مارچ منعقد کئے جن میں لاکھوں مردوخواتین نے شرکت کی ۔
 شاہ فیصل مسجد کے سامنے غزہ کے معصوم فلسطینی بچوں سے اظہاریکجہتی کے لئے منعقد ہ سکول وکالجز کے طلبہ وطالبات اوروالدین کے غزہ مارچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ سکول کے بچے بھی اپنی ذمہ داری اداکررہے ہیں لیکن ایٹمی ریاست پاکستان کے بے حس حکمران بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عملی اقدامات سے گریزاں ہیں ،امریکہ ،اسرائیل اور برطانیہ عالمی دہشتگرد ہیں ان پر عالمی عدالت میں بچوں اور خواتین کے قتل کامقدمہ چلناچاہیے جنگی مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں ،اقوام متحدہ عالمی شیطانوں کی کٹھ پتلی کاکرداراداکررہی ہے نام نہاد سلامتی کونسل دنیا بھرکے سلامتی کا خطرہ بن چکی ہے ۔ اوآئی سی کا مجرمانہ کرداربھی انتہائی افسوسناک ہے سعودی عرب میں منعقدہ عرب لیگ اور اوآئی سی کے مشترکہ اجلاس میں مسلم ممالک کی کمزوری کے باعث اسرائیل او رامریکہ کومزیدشہ ملی اور وہ غزہ پر آگ اور بارود کی بارش کررہے ہیں ۔